پاکستانتازہ ترینسیاست

ہر صدی میں بحران آتا ہے، اس صدی کا بحران عمران خان ہے: بلاول حکومت پر برس پڑے

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہر صدی میں ایک بحران آتا ہے اور اس صدی کا بحران عمران خان ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن کے مؤقف کو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں استعمال کر سکتی تھی لیکن آپ نے ضد اور انا میں ایسے فیصلے لیے جو پاکستان کی معاشی خودمختاری کا سودا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایم ایف کے ساتھ آپ نے نیا بجٹ پیش کیا، پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنے برے معاشی اعشاریے نہیں دیکھے تھے، پاکستان کی ترقی کو تاریخی منفی شرح پر پہنچایا گیا، پاکستان دو ٹکڑے ہوا تب بھی گروتھ منفی نہیں ہوئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی تبدیلی کے نام پر تباہی کی صورت میں پہلی بار گروتھ منفی گئی ہے، نئے پاکستان کا مطلب مہنگائی، بیروزگاری اور غربت ہے، حقائق چھپا کر یہ ہمیں معاشی ترقی کا بتا رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ منی بجٹ میں ٹیکسز کا سونامی لایا جا رہا ہے، 350 ارب روپےکے نئے ٹیکسز اور ترقیاتی بجٹ میں 250 ارب کٹوتی سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ منی بجٹ لانے کے بعد آپ عوام میں نہیں جا سکیں گے، حکومتی ارکان بھی اپنے حلقوں میں جاکر معاشی کارکردگی کا دفاع نہیں کرسکتے، اس ملک کے عوام جو حکومت کا حشر کریں گے اس کا جلد پتہ لگ جائےگا، خیبر پختونخوا کے عوام نے آپ کو تھوڑا ٹریلر دکھایا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی انتخابی مہم سے لگتا تھا کہ وزیراعظم بن کر یہ سائیکل پر آئیں گے لیکن عمران خان خود بنی گالہ سے وزیراعظم ہاؤس بھی ہیلی کاپٹر پر آتے ہیں، وزیراعظم خود تو جہاز کا سفر کرتے ہیں عوام کو سائیکل پر چڑھا دیا، جو کسی اور کی وجہ سے حکومت بنائیں ان کو عوام کی پراوہ نہیں ہوتی۔

بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ منی بجٹ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی بڑھے گی، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ٹیکسز سے مزید مہنگائی آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں پر ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا جا رہا ہے، گاڑیوں پر ٹیکس میں 100 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے، ایک ہزار سی سی انجن گاڑی پر ٹیکس میں 100 فیصد اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ، موبائل انٹرنیٹ پر ٹیکس لگایا جا رہا ہے، شہباز شریف نے مفت لیپ ٹاپ نوجوانوں میں تقسیم کیے، آپ نے الٹا ٹیکس لگا دیے، یہاں تیار ہونے والی الیکٹرانک اشیائ پر بھی آپ نے ٹیکس لگا دیے، آپ کسانوں کا معاشی قتل کر رہے ہیں، ایک طرف منی بجٹ اور دوسری طرف یوریا مہنگا کر رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ ہر صدی میں ایک بحران آتا ہے اور اس صدی کا بحران عمران خان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام دشمنی دیکھی، غریب دشمی دیکھی مگریہ حکومت تو ملک دشمنی پراتر آئی ہے، جس قسم کا ظلم اس منی بجٹ میں کیا جارہا ہے اس کیلئے الفاظ تک نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سلائی مشینوں تک پر ٹیکس لگا دیا ہے، اس پر مزید نہیں بولوں گا آپ کو سمجھ آرہا ہوگا، عوام جانتے ہیں کہ اس کا ذمہ دار عمران نیازی ہے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button