پاکستانساہیوال

ساہیوال شیخ ظفر علی اسٹیڈیم میں ساہیوال چیمبر کے تحت تین روزہ صنعتی نمائش کا افتتاح

ساہیوال کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ ملکی ترقی میں صنعت کاروں اور تاجروں کا کلیدی کردار ہے جو برآمدات کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ حاصل کرنے اور معیاری اشیاء کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہیں۔

صنعتی اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ ساہیوال ڈویژن میں بھی بڑی صنعتیں قائم کریں جہاں خام مال اور تربیت یافتہ افرادی قوت دستیاب ہے تاکہ نوجوانوں کو روزگار ملے اور علاقہ بھی ترقی کرے۔ انہوں نے یہ بات ظفر علی سٹیڈیم میں ساہیوال چیمبر کے تحت تین روزہ صنعتی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جس میں مقامی صنعت کاروں نے 100سے زائد سٹال لگائے ہیں۔ آر پی او ڈاکٹر معین مسعود، ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک اور ڈی پی او صادق بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ نمائش گاہ پہنچنے پر ساہیوال چیمبر کے صدر شیخ بشارت ندیم اور سابق صدور شیخ عظمت سلیم، رانا وسیم اختر، شیخ ذیشان شہزاد، چوہدری ارشد حسین، چوہدری عاصم رفیق اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران نے ان کا استقبال کیا اور مختلف سٹالز کا دورہ کروایا۔

کمشنر علی بہادر قاضی نے سٹالز پر ڈسپلے اشیاء میں گہری دلچسپی لی اور ان کے معیار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی نمائش کے انعقاد سے نہ صرف ساہیوال کی صنعتی پیداوار پورے ملک میں متعارف ہوگی بلکہ اس سے بڑے صنعتی اداروں کو بھی یہاں انڈسٹری لگانے میں دلچسپی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال ڈیری مصنوعات اور زرعی پیداوار میں پورے پاکستان کی پہچان ہے اور یہاں ایگرو انڈسٹری کے قیام کے روشن امکانات ہیں۔ اس موقع پر ساہیوال چیمبر کے صدر شیخ بشارت ندیم نے صنعتی نمائش کو مقامی انڈسٹری کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف صنعت کاروں اور تاجروں کی حوصلہ افزائی ہو گی بلکہ انہیں اپنی مصنوعات کی برانڈنگ کرنے کا بھی موقع ملے گا۔ انہوں نے نمائش میں شہریوں کی دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کیا اور توقع ظاہر کی کہ اس نمائش سےساہیوال ڈویژن میں صنعتی ترقی کا عمل تیز ہو گا۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button