پاکستان

آرمی چیف کا آئی ایم ایف پروگرام کے سلسلے میں سعودی اور اماراتی حکام سے رابطہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حکام سے رابطہ کیا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب اور یو اے ای کے حکام سے گفتگو میں آئی ایم ایف پروگرام پر بات کی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ آرمی چیف کے رابطے کے نتیجے میں پاکستان کے لیے جلد اچھی خبر متوقع ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی نائب وزیر خارجہ سے بھی رابطہ کیا تھا اور جلد قرض کے لیے آئی ایم ایف پر دباؤ ڈالنے کی درخواست کی تھی۔

اس سے قبل گزشتہ دنوں پاکستان میں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی نمائندہ ایستھرپیرز ریز نے کہا تھا کہ پاکستان نے پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) میں اضافہ کر کے مشترکہ جائزہ کی پیشگی شرائط پوری کر دی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 24 اگست کو متوقع ہے جس میں پاکستان کے ساتھ معاہدے کی منظوری دی جائے گی۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض کے لیے معاہدہ 14 جولائی کو طے پایا تھا جس کے اعلامیے میں آئی ایم ایف نے کہا تھا کہ ای ایف ایف کے تحت ساتویں اور آٹھویں جائزے کے معاملات طے پا گئے ہیں تاہم آئی ایم ایف بورڈ معاہدے کی حتمی منظوری دے گا۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ٹوئٹر کے ذریعے آئی ایم ایف سے معاہدے کا اعلان کیا اور اس معاہدے کو شیئر کیا تھا۔

آئی ایم ایف اعلامیے کے اہم نکات

پاکستان کو طلب و رسد پر مبنی ایکسچینج ریٹ کا تسلسل برقرار رکھنا ہو گا، اس کے ساتھ مستعد مانیٹری پالیسی اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا ہو گی۔
پاکستان کو 1 ارب 17 کروڑ ڈالر دستیاب ہوں گے تاہم پاکستان کو حالیہ بجٹ پر سختی سے عمل کرنا ہو گا، صوبوں نے بجٹ خسارے کو محدود رکھنے کیلیے یقین دہانی کرائی ہے۔
ایکسپورٹ ری فنانس اسکیمیں شرح سود سے منسلک رہیں گی، کرپشن کنٹرول کرنے کے لیے پاکستان میں الیکٹرانک طور پر اثاثے ظاہر کرنے پر کام ہو رہا ہے، حکومت پاکستان نیب سمیت اینٹی کرپشن اداروں کی اثر انگیزی بہتر کرنے کے لیے کام کرے گی۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button