پاکستانتازہ ترین

رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے

کراچی: رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے۔ اسپیکر نے عامر لیاقت حسین کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر دیا۔
 
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے عامر لیاقت حسین کی خبر آنے پر اجلاس فوری طور پر ملتوی کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی فوری روک دی۔ عامر لیاقت حسین کے انتقال کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی شام 5 بجے تک ملتوی کیا گیا۔
 
ذرائع کے مطابق عامر لیاقت حسین گزشتہ کچھ عرصے سے ڈپریشن کا شکار تھے۔
 
عامر لیاقت حسین نے ٹی وی پروگرام عالم آن لائن اور رمضان ٹرانسمیشن سے شہر ت حاصل کی تھی وہ جیو، اے آر وائی، پی ٹی وی، بول اور ایکسپریس ٹی وی چینلز سے منسلک رہے۔
 
عامر لیاقت حسین کچھ عرصے سے الزامات کی زد میں تھے اور انہوں نے ملک چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ عامر لیاقت حسین نے تیسری شادی کی تھی اور تیسری بیوی نے ان پر مختلف الزامات عائد کیے تھے جس کے بعد سے وہ منظر عام سے غائب تھے۔
 
عامر لیاقت حسین ملک کے بڑے نجی ٹی وی چینلز سے منسلک رہے تھے وہ مشہور ٹی وی میزبان تھے اور رمضان المبارک میں طویل ٹرانسمیشن کرنے کا ریکارڈ رکھتے تھے۔
 
عامر لیاقت حسین 5 جولائی 1971 کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔انہوں نے پہلی شادی سیدہ بشریٰ اقبال سے کی تھی جن سے ان کے دو بچے ہیں تاہم یہ تعلق 2020 تک برقرار رہا۔
 
عامر لیاقت حسین نے 2018 میں پاکستانی ماڈل اور اداکارہ سیدہ طوبیٰ سے دوسری شادی کی تھی تاہم فروری 2022 میں انہوں نے بھی عامر لیاقت سے خلع لے لی۔
 
5 فروری 2022 کو ضلع لودھراں سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ سے انہوں نے تیسری شادی کی تھی جو زیادہ عرصہ تک نہ چل سکی اور دونوں میں اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔
 
عامر لیاقت حسین نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز ایم کیو ایم سے کیا تھا، وہ 2002 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ وفاقی وزیر مذہبی امور بھی رہ چکے تھے۔
 
مارچ 2018 میں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیتاختیار کر لی تھی اور پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تاہم مارچ 2022 میں انہوں نے پی ٹی آئی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے موقع پر علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
 
عامر لیاقت حسین کے سوگواران میں بیٹا اور بیٹی ہیں

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button