انٹر نیشنل

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مثالی اور گہرے تعلقات ہیں، وزیر اعظم

تاشقند: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مثالی اور گہرے تعلقات ہیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات ہوئی۔ وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین کے لیے مالی امداد فراہم کرنے پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے جبکہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مثالی اور گہرے تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافت سے جڑے ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے نگورنو کاراباخ پر پاکستان کے آذربائیجان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا اور وزیر اعظم نے آذربائیجان کے مقبوضہ علاقوں کو آزاد کرانے میں کامیابی پر مبارکباد دی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے آرمینیا کے بلااشتعال حملے میں 71 آذری فوجیوں کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا اور سالمیت کے تحفظ میں آذربائیجان کے دفاع کے حق کی حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم اور آذربائیجان کے صدر نے سیاسی، اقتصادی، توانائی، دفاعی اور تعلیمی شعبے میں تعاون بڑھانے کا عزم کیا جبکہ دونوں سربراہان نے عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانےکا بھی عزم کیا۔

وزیر اعظم نے زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر زور دیا اور آذربائیجان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جبکہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے بھی وزیر اعظم کو جلد از جلد آذربائیجان کے دورے کی دعوت دی۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button