پاکستان

وزیراعظم 21 ستمبرکو آئی ایم ایف کی ایم ڈی اور صدر ورلڈ بینک سے ملاقات کریں گے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف 21 ستمبرکو نیویارک میں آئی ایم ایف کی ایم ڈی اور صدر ورلڈ بینک سےملاقات کریں گے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم لندن میں ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد آج نیویارک پہنچیں گے۔

نیویارک میں موجودگی کے دوران وزیراعظم کی دیگر ممالک کے رہنماؤں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں ہوں گی، 20 ستمبر کو وزیراعظم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔

20 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی فرانس کے صدر ایمانوئیل میخواں سے ملاقات ہوگی، 20 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی آسٹریا کے چانسلر اور اسپین کے صدر سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، وزیراعظم شہباز شریف کی یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے بھی ملاقات ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف ‘گلوبل فوڈ سکیورٹی کانفرنس’ میں بھی شرکت کریں گے ۔ ‘گلوبل فوڈ سکیورٹی سمٹ’ کا اہتمام سینیگال اور افریقی یونین کے صدر نے کیا ہے ۔

21 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جورجیوا، ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ ملپس سے ملاقات ہوگی ۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے علاوہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی سے بھی وزیراعظم شہباز شریف کی دوطرفہ ملاقات ہوگی ۔

وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کی ملاقات ہوگی، 21 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف امریکا کے صدر جو بائیڈن کی طرف سے منعقدہ عشائیہ میں شرکت کریں گے ، وزیراعظم شہباز شریف 21 ستمبر کو ترکیہ کے صدر اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔

22 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے ملاقات ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتیرس سے ان کے دفتر میں ملاقات ہوگی۔

وزیر اعظم کی چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ، جاپان کے وزیراعظم فیومیو کاشیڈا اور ملائیشیا کے وزیراعظم اسماعیل صابری سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، 23 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے ۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button