پاکستان

بلدیاتی الیکشن رکوانے کی ایم کیو ایم کی درخواست مسترد

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے بلدیاتی الیکشن رکوانے کی ایم کیو ایم پاکستان کی درخواست مسترد کردی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے ہیں کہ الیکشن کمیشن کے کورم سے متعلق درخواست پر تفصیلی دلائل سن کر فیصلہ کیا جائے گا۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو الیکشن کمیشن کے نامکمل کورم اور اقدامات کی قانونی حیثیت کے معاملے کا حتمی فیصلہ ہونے تک بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق ایم کیو ایم کی حکمِ امتناع دینے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
ایڈووکیٹ جنرل سندھ حسن اکبر اور ایم کیو ایم وکیل طارق منصور عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیئے۔

ایم کیو ایم کے وکیل طارق منصور ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ نامکمل الیکشن کمیشن نے بلدیاتی الیکشن کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا جو غیر قانونی ہے جبکہ ایڈوکیٹ جنرل حسن اکبر نے دلائل میں کہا کہ ایم کیو ایم کی الیکشن کمیشن کے کورم سے متعلق ایک درخواست پہلے مسترد ہوچکی ہے، ایم کیو ایم نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد سے متعلق درخواست میں بھی بلدیاتی الیکشن رکوانے کی استدعا کی تھی اور ایم کیو ایم کی دوسری درخواست بھی عدالت نے مسترد کردی تھی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کورم پر ایم کیو ایم درخواست مسترد ہوئی ہے اور سپریم کورٹ جانے کے بجائے نئی درخواست دائر کردی گئی۔ یہ درخواست تو قابل سماعت ہی نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کے پہلے اور دوسرے نوٹیفکیشن پر بھی فیصلہ ہوچکا۔ ایم کیو ایم کے پاس اب سپریم کورٹ کا فورم ہی موجود ہے۔

ایم کیو ایم کے وکیل طارق منصور ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے کہ الیکشن فیز 1 اور 2 دونوں کو چیلنج کیا ہے اور میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ کے جواب پر عدالت کو مطمئن کروں گا۔ 25 جولائی 2021 سے الیکشن کمیشن کا کورم نا مکمل ہے۔ الیکشن کمیشن کے تمام نوٹیفکیشن غیر قانونی ہیں۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ کیا آپ پہلے فیز کو بھی غیر قانونی قرار دلوانا چاہتے ہیں؟ طارق منصور ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ جی بالکل، تمام عمل ہی غیر قانونی ہے۔

عدالت نے طارق منصور سے مکالمہ میں کہا کہ آپ کے پاس مزید کیا دلائل ہیں؟ جس پر ایم کیو ایم وکیل نے موقف اپناتے ہوئے کہا کہ مجھے سنا تو جائے۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ کل آپ کو ایک گھنٹہ دیا تھا،ایڈووکیٹ جنرل نے 5 منٹ میں دلائل مکمل کیئے، میں آپ کو مزید وقت نہیں دے سکتا۔

طارق منصور ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ 22 ویں ترمیم کی خلاف ورزی ہونے جا رہی ہے۔وکیل الیکشن کمیشن نے اپنے دلائل میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے قانون کے مطابق الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا، اسی فیصلےکی بنیاد پر ایم کیو ایم پاکستان نے پہلے مرحلے میں حصہ بھی لیا۔

عدالت نے بلدیاتی الیکشن رکوانے کی ایم کیو ایم پاکستان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن کے کورم سے متعلق درخواست پر تفصیلی دلائل سن کر فیصلہ کیا جائے گا۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button