پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی اور کابینہ کوہٹانےکانوٹیفکیشن کالعدم قرار

لاہور ہائی کورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ اور صوبائی کابینہ کو ہٹانے کا نوٹی فیکیشن کالعدم قراردے دیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے آج بروز جمعرات 12 جنوری کو جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کا آغاز ہوا تو بیرسٹر علی ظفر نے گزشتہ سے پیوستہ اپنے دلائل کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا ہے، ہم نے سیاسی بحران ختم کر دیا ہے۔

جس پر جسٹس عابد عزیز نے استفسار کیا کہ کتنے ووٹرز ممبران نے ووٹ کیا؟ علی ظفر نے معزز عدالت کو بتایا کہ 186 ممبران اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ووٹ دیا۔ اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی کے وکیل حیدر رسول نے نوٹیفکیشن کی کاپی پیش کی۔ علی ظفر نے کہا کہ ہم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا ہے، ہم نے سیاسی بحران ختم کردیا ہے۔

گورنر کے وکیل کے دلائل

سماعت کے دوران گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے وکیل خالد اسحاق نے اپنے دلائل میں کہا کہ گورنر پنجاب سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے۔ گورنر پنجاب نے کنفرم کیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے اعتماد کا ووٹ لے لیا ہے۔ گورنر نے وزیراعلیٰ کو ڈی نوٹی کرنے کا حکم واپس لے لیا ہے۔

جس پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ گورنر پنجاب نے اگر نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے تو پھر معاملہ ہی ختم ہوگیا، آپ نے اپنی اسمبلی میں معاملہ حل کرلیا ہے، ہم چاہتے ہیں ایسے معاملات میں عدالتوں کی مداخلت کم سے کم ہونی چاہیے، اب سارا کچھ آئین کے مطابق ہوگیا ہے۔

عدالتی فیصلہ

نوٹی فیکیشن واپس لینے کے بیان پر لاہور ہائی کورٹ نے پرویزالہیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی درخواست نمٹا دی۔ عدالت نے چیف سیکریٹری کا نوٹیفکیشن بھی کالعدم قرار دے دیا، جب کہ پرویز الہیٰ اور ان کی کابینہ کو بھی ہٹانے کا نوٹفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ 12 جنوری کو وزیراعلیٰ نے اعتماد کا ووٹ لے لیا ہے۔ اعتماد کے ووٹ کا نتیجہ گورنر پنجاب نے مان لیا ہے۔ عدالت نے گورنر پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن معطل کیا تھا۔

پنجاب اسمبلی کی کارروائی

وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ 11 جنوری بروز بدھ اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب ہوگئے، پرویز الٰہی نے کل 186 ووٹ حاصل کئے، جب کہ اپوزیشن جماعتوں نے ووٹنگ کے عمل کا بائیکاٹ کیا اور ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button