ساہیوال

کمشنر ساہیوال ڈویژن کا اراضی ریکارڈ سنٹر، ای خدمت مرکز اور جناح لائبریری کا اچانک دورہ

ساہیوال: کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا اراضی ریکارڈ سنٹر، ای خدمت مرکز اور جناح لائبریری کا اچانک دورہ

اراضی سنٹر میں سائلین کو میسر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا‘ریونیو سے متعلقہ عوام کے مسائل فوری حل کیے جائیں‘ کمشنر کی عملے کو ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے اراضی ریکارڈ سنٹر، ای خدمت مرکز اور جناح لائبریری کا اچانک دورہ کیا۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

کمشنر شعیب اقبال سید نے اراضی ریکارڈ سنٹر میں موجود سائلین سے ان کے مسائل سنے اور انہیں فوری حل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ عوام کے اراضی سے متعلقہ مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ انہیں بار بار دفتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔ انہوں نے ای خدمت مرکز کے دورے کے دوران مرکز میں موجود مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ای خدمت مرکز کے قیام کا مقصد عوام کو ایک ہی چھت تلے سروسز کی فراہمی ہے۔

کمشنرشعیب اقبال سید نے کہا کہ مرکز میں عوام کو دستیاب سہولیات عالمی معیار کی ہیں۔بعدازاں انہوں نے جناح پبلک لائبریری کا بھی دورہ کیا اور لائبریری میں موجود کتب میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لائبریری میں قومی اخبارات اور رسائل بھی ضرور دستیاب ہوں اور کتابوں کی خریداری میں عوامی دلچسپی کو ترجیح دی جائے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button