پاکستان

اسٹنٹ کمشنر یا ماڈل؟ سوشل میڈیا پر حازم بھنگوار کے چرچے

کراچی: اسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد منفرد انداز اور قابلیت کی وجہ سے سوشل میڈیا پر سب کی توجہ کا مرکز بن گئے۔

حال ہی میں نارتھ ناظم آباد کراچی میں تعینات ہونے والے حازم بھنگوار کے سوشل میڈیا پر چرچے ہیں۔ ان کی تصاویر اور انسٹاگرام پوسٹس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی زینت بنی ہوئی ہیں جس کی وجہ ان کا عہدہ نہیں بلکہ ان کا منفرد اسٹائل اور شوق ہیں۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر نارتھ ناظم آباد کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کررہا ہے۔ صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر شیئر کی جارہی ہیں۔ ان کی تصاویر سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ ماڈلنگ کرتے رہے ہیں۔

وہ فیشن کے بھی دلدادہ ہیں ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر متعدد ایسی تصاویر ہیں جن میں وہ فیشن ایپل ملبوسات میں دکھائی دے رہے ہیں۔ان کی انسٹاگرام پوسٹ سے پتہ چلتا ہے کہ وہ گلوکار بھی ہیں۔یہی نہیں بلکہ حازم بھنگوار اپنے یوٹیوب چینل پر بھی ویڈیوز اپ لوڈ کرتے ہیں۔ جنکی تشہیر وہ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی کرتے ہیں۔ ان کے دیگر شوق میں فوٹوگرافی بھی شامل ہے۔

سوشل میڈیا پر موجود معلومات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے نئے اسسٹنٹ کمشنر حازم بھنگوار کا تعلق سندھ سے ہے۔ تاہم وہ 6 سال کی عمر میں ہی امریکہ چلے گئے تھے، جہاں پر انہوں نے تعلیم مکمل کی۔

1993 میں پیدا ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر کی والدہ کا تعلق عراق سے ہے۔ اور وہ ایک آرکیٹیکچر ہیں جبکہ ان کے والد پولیس فورس میں ڈی آئی جی کے عہدے پر رہ چکے ہیں۔

پاکستان مینجمنٹ سروس 2018 کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے حازم نے لندن کی یونیورسٹی سے ایل ایل بی کیا ہے۔ ایل ایل بی سے پہلے حازم فیشن ڈیزائننگ اینڈ مارکیٹنگ میں بھی ڈگری حاصل کرچکے ہیں۔

حازم تین معروف کمپنیوں کے بریںڈ ایمبسیڈر بھی رہ چکے ہیں ۔ اس کے بعد وہ پاکستان آئے اور انہوں نے ایس پی ایس سی کا امتحان پاس کیا اور پی ایم ایس افسر بنے اور رواں ہفتے ہی وہ اسسٹنٹ کمشنر کراچی تعینات ہوئے ہیں ۔

سوشل میڈیا صارفین ان کے اوپر تبصرے کرتے دکھائی دے رہے ہیں بعض صارفین ان کے انداز پر تنقید کر رہے ہیں۔دیگر صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کا اسٹائل اور شوق ان کی ذاتی زندگی ہے انہوں نے یہ عہدہ اپنی قابلیت پر حاصل کیا ہے جو اہم بات ہے۔

 

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button