سیاست

زمان پارک آپریشن؛ پولیس عمران خان کے گھر کے دروازے توڑ کر اندر داخل، درجنوں پی ٹی آئی کارکن گرفتار

لاہور: عمران خان کے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوتے ہی پولیس نے زمان پارک میں آپریشن شروع کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا اور کیمپس اکھاڑ پھینکے۔
 
پولیس کا لاہور میں عمران خان کے گھر زمان پارک میں آپریشن جاری ہے۔ سی سی پی او لاہور خود کارروائی کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پولیس عمران خان کے گھر کے دروازے توڑ کر اندر داخل ہوگئی۔
 
زمان پارک کے علاقے کو مکمل سیل کردیا گیا ۔ پولیس کے ساتھ واٹر کینن، بلڈوزر اور قیدیوں کی وین ہے۔ پولیس نے کرین کی مدد سے پی ٹی آئی کے کیمپس اکھاڑ دیے اور بیریئرز و کنٹینرز ہٹادیے۔
گھر سے اسلحہ برآمد
 
پولیس نے گھر سے اسلحہ برآمد کرلیا، جن میں 16 رائفلیں شامل ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر یہ اسلحہ سرکاری نظر آرہا ہے، بطور وزیراعظم عمران خان کو یہ اسلحہ دیا گیا تھا لیکن انہوں نے منصب سے ہٹنے کے بعد یہ اسلحہ واپس نہیں کیا۔
 
آپریشن سرچ وارنٹ پر کیا گیا
 
پولیس کی جانب سے وضاحت سامنے آئی ہے کہ آپریشن سرچ وارنٹ کے بعد کیا گیا۔ سرچ وارنٹ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ابہر گل نے جاری کیا تھا۔
 
عمران خان کے گھر کے باہر اور اندر سے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ کارکنوں کی طرف سے مزاحمت کرتے ہوئے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔ پولیس نے کارکنوں کو قابو کرنے کےلیے شیلنگ کی۔
 
پولیس کے مطابق لاہور پولیس پر حملہ کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے والے افراد کو گرفتار کیا گیا جن کی شناخت سی سی ٹی وی اور تصاویر سے کی جائے گی۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی اور پنجاب حکومت کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button