تازہ ترینسیاست

آصف زرداری کا وزیراعظم کو اپوزیشن سے مذاکرات کا مشورہ

آصف زرداری نے وزیراعظم کو اپوزیشن سے مذاکرات کا مشورہ دیدیا۔ کہتے ہیں کہ مذاکرات میں آنے سے پہلے شرائط نہ رکھی جائیں، انشاء اللہ آئین کو کچھ نہیں ہوگا، نہ ہم کھلواڑ کرنے دیں گے۔

قومی اسمبلی میں آئینی پاکستان کی گولڈن جوبلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ میرے والد بھی اس اسمبلی میں بیٹھے اور آئین پر دستخط کئے تھے، ہم نے جمہوریت بحال کی تھی، جو خواب ذوالفقار بھٹو اور دیگر قائدین نے دیکھا وہ پورا نہ ہوسکا، کوثر نیازی کی کتاب کی بات کروں تو ’’پھر لائن کٹ گئی‘‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے نظام کو ایک طرف سے ختم کردیا گیا اور کہا اب نظام مصطفیٰ ہے، ہم نے کبھی مذہب کو سیاست کیلئے استعمال نہیں کیا، طویل سفر میں بڑے بڑے اونچ نیچ کے مقام دیکھے، میرے پاس سارے راز ہیں، کچھ شیئر کرسکتا ہوں اور کچھ نہیں، بی بی کہتی تھیں کچھ چیزیں آپ کو قبر میں ساتھ لے جانی ہوں گی، ہم کچھ چیزیں برداشت کرتے ہوئے قبر تک چلے گئے۔

آصف زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستان بنایا اور اس کو بچانے کا فرض بھی ہم پر ہی ہے، انشاء اللہ آئین کو کچھ نہیں ہوگا، نہ ہم کھلواڑ کرنے دیں گے، یہ جو دوستوں کو دشمن بنانا چاہ رہے ہیں، ایسا نہیں ہوگا جو کہہ دیا ہے ویسا ہوگا۔

سابق صدر نے وزیراعظم کو اپوزیشن سے مذاکرات کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں آنے سے پہلے شرائط نہ رکھی جائیں، مذاکرات کے بعد این آر او کی شکل میں پرویز مشرف سے معافی منگوائی، پرویز مشرف نے معافی مانگی کہ آپ کے ساتھ زیادتی کی گئی۔

آصف زرداری کا کہنا ہے کہ میں نے ہر جگہ مقابلہ کیا اور مقابلہ کرتے رہیں گے، ہم نے وطن بنانا ہے، دھرتی کو خون دیا ہے اور دیتے رہیں گے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بی بی صاحبہ کی شہادت کے بعد ایک ہی نعرہ لگایا ’’پاکستان کھپے‘‘۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button