کھیل

پہلا سیمی فائنل: نیوزی لینڈ کے 3 کھلاڑی آؤٹ

ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اور نیوزی لینڈ آمنے سامنے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے 8 ویں اوور میں 49 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پہلا سیمی فائنل سڈنی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے پہلا اوور شاہین شاہ آفریدی نے کرایا۔ پہلے اوور میں ہی نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گر گئی۔ شاہین شاہ آفریدی نے فن ایلن کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کا دوسرا کھلاڑی 38 کے مجموعی رنز پر آؤٹ ہو گیا۔ اوپنر ڈیون کانوے 20 گیندوں پر 21 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ نیوزی لینڈ کا تیسرا کھلاڑی 49 کے مجموعی رنز پر آؤٹ ہو گیا۔ گلین فلپس 8 گیندوں پر 6 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

کین ولیمسن اور ڈیرل مچل اس وقت بیٹنگ کر رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ کیوی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بیٹنگ کرتے جبکہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور ٹیم پراعتماد ہے جبکہ مومنٹم برقرار رکھیں گے۔ گزشتہ 3 میچوں میں ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اچھے کھلاڑی ہیں اور میچ پر فوکس کر کے جیتنے کی کوشش کریں گے۔

سیمی فائنل میں قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں اور ٹیم میں شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، محمد رضوان، افتخار احمد، محمد نواز، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر اور محمد حارث شامل ہیں۔

سڈنی میں موسم ابرآلود ہے تاہم میچ کے دوران بارش ہونے کا امکان نہیں ہے۔

دونوں ٹیمیں میچ جیتنے کے لیے پر عزم ہیں۔ کیوی کپتان کا کہنا تھا کہ سیمی فائنل میں پاکستان فیورٹ ہے یا نیوزی لینڈ ؟ یہ کہنا ہے مشکل ہے۔ کیوی کھلاڑی سڈنی کی کنڈیشن سے واقف ہیں اچھا کھیل ہوگا۔

دوسری جانب پاکستانی ٹیم نے بھی میچ کے لیے حکمت عملی بنا لی ہے۔ مینٹور میتھیو ہیڈن کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم ایسی ہے کچھ بھی کرسکتی ہے۔ بابر اعظم کی بڑے میچ میں واپسی طوفان کی طرح ہوسکتی ہے۔

سیمی فائنل سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم گھنٹوں تنہا پریکٹس کرتے بھی نظر آئے۔ جبکہ دیگر کھلاڑیوں نے میچ سے پہلے آرام کیا۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے دوران سڈنی میں کھیلے جانے والے 6 میچوں میں سے 5 میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم جیتی۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button