کھیل

پاکستان کی شکست کو اپ سیٹ قرار دینا مناسب نہیں، کھلاڑیوں کی محنت ہے: افغان کوچ

افغانستان کرکٹ ٹیم کے کوچ جوناتھن ٹروٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی شکست کو اپ سیٹ نہیں کہیں، یہ کھلاڑیوں کی محنت ہے، ہمیں امید تھی ہم پاکستان کو شکست دے سکتے ہیں۔
 
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں افغانستان نے پہلی بار پاکستان کو شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
 
افغانستان نے پاکستان کا 283 رنز کا ہدف با آسانی 49 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
 
افغانستان کی پاکستان کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی کامیابی ہےجبکہ رواں ورلڈکپ میں افغان ٹیم نے دوسرا اپ سیٹ کیا ہے۔اس سے قبل افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دی تھی۔
 
پاکستان کے خلاف تاریخی کامیابی کے بعد افغانستان کرکٹ ٹیم کے کوچ جوناتھن ٹروٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جیت سے بہت خوشی ملی اور اعتماد بڑھا۔
 
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے بعد پاکستان کو شکست دی، ہمارے بیٹرز نے اچھی بیٹنگ کی، دوران بیٹنگ مختلف گولز سیٹ کیے، اس وکٹ پر ہدف اچھا ملا تھا لیکن جس طرح کا آغاز ملا اس نے راستہ آسان بنایا، گرباز اور زدران کی پاٹنرشپ ہی ٹرنینگ پوائنٹ تھی۔
 
افغان کرکٹ ٹیم کے کوچ نے کہا کہ اچھی بات ہے ٹیم کسی بھی لمحے پریشان نہیں ہوئی، افغانستان ٹیم کی کارکردگی میں مستقل مزاجی آتی جا رہی ہے۔
 
انہوں نےکہا کہ انگلینڈ اور پاکستان کی شکست کو اپ سیٹ قرار دینا مناسب نہیں، کھلاڑیوں نے محنت کی جو رنگ لائی ہے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button