پاکستان

بھارت کی پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم بند ہونی چاہیئے، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان نے بھارت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم بند ہونی چاہیئے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کا بیان پاکستان کو بدنام اور تنہا کرنے کی نئی کوشش ہے ، بھارت کئی برس سے مظلومیت کا لبادہ اوڑھ کر دنیا کو گمراہ کر رہا ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ کا بیان دراصل دنیا میں پاکستان کو تنہا کرنے میں ناکامی پر مایوسی کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی حقیقت کو بھی نہیں چھپا سکتا ہے۔ بھارت پاکستان پر الزام تراشی کے ذریعے دنیا سے اپنا اصل مکروہ چہرہ چھپا نہیں سکتا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت الزام تراشیوں سے پہلے پاکستان کیخلاف دہشتگردی اور جاسوسی کی مہم بند کرے ، پاکستان نے بھارت کے لاہورمیں دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث ہونے کا ڈوزئیر جاری کیا، سمجھوتہ ایکسپریس اور کلبھوشن یادیو کی گرفتاری بھارتی دہشتگردی کا ثبوت ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے ایک بار پھر پاکستان پر دہشت گردوں کی معاونت کا الزام عائد کرتے ہوئے پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قرار دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ لفظ ’دہشت گردی کا مرکز‘ پاکستان ہےاور ان کے بقول، وہ پاکستان کے لیے اس سے بھی زیادہ سخت الفاظ استعمال کر سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کیوں کہ آپ سفارت کار ہیں اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ دروغ گو ہیں۔ پاکستان وہ ملک ہے جہاں سے چند سال قبل بھارت کی پارلیمنٹ پر اور ممبئی کے ہوٹلوں پرحملہ کیا گیا تھا جہاں غیر ملکی سیاح مقیم تھے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button