سیاست

چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سیاسی نہیں ہے، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گزشتہ روز ہونے والی گرفتاری سیاسی نہیں ہے، جوعدالتوں میں مجرم ثابت ہوگیا، اُسے گرفتار ہونا ہی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سے متعلق سوالات کے جوابات دیے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ریاستی تحائف بیچے۔ وہ 9 مئی کے واقعات کے ماسٹر مائنڈ تھے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کیس عدالتوں میں چلتا رہا، قانون کے تمام مراحل مکمل کیے گئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی سے ریاستی تحائف سے متعلق پوچھا گیا تھا لیکن وہ اپنے دفاع میں شہادت پیش کرنے میں ناکام رہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر ایک کیس 190 ملین پاونڈ سے متعلق ہے۔ ان پر الزامات تھے کہ وہ اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے رہے۔ توشہ خانہ کا مقدمہ پایہ تکمیل کو پہنچا اور ٹرائل کورٹ نے اپنا فیصلہ دیا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مزید 4 کیسز ٹرائل کورٹس میں زیرِ سماعت ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی مقدمے میں شہادتیں پیش کرنے میں ناکام رہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کارکنوں نے حساس تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ عدالتیں موجود ہیں، الزامات کا جواب دینے کا حق ہر ایک کے پاس ہے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button