تازہ ترین

پی ڈی ایم نے حکومت میں آکر صرف اپنے نیب کیسز ختم کروائے : سراج الحق

لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق کاکہنا ہے کہ پی ڈی ایم نے حکومت میں آکر 15 ماہ میں صرف نیب کے دفاتر سے اپنے کیسز ختم کروائے ہیں ۔

لاہور میں خواتین ونگ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ 75 سال سے ملک میں سیاسی و معاشی دہشتگردی جاری ہے، دو خاندانوں نے بار بار ملک کو لوٹا اور دولت ملک سے باہر لے گئے، اب پھر یہ کہتے ہیں کہ ہمیں عوام ووٹ دے ۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ زرداری صاحب کی آرزو ہے کہ ان کا بیٹا بلاول وزیراعظم بنے، شہباز شریف کی تمنا ہے کہ حمزہ کو کوئی عہدہ مل جائے، نواز شریف چاہتے ہیں مریم نواز وزیراعظم بن جائیں، انہوں نے پورے ملک اور اداروں کو یرغمال بنا لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اقتدار میں آکر صرف اپنے نیب کیسز بند کروائے، شہباز حکومت نے عوام پر گیس اور بجلی بم گرائے، کل شہباز شریف کی تقریر سنی بار بار کہہ رہے تھے ایک اور موقع دیں، یہ چاہتے ہیں کہ جو سانپ ہے وہ اژدھا بن جائے۔

سراج الحق نے کہا ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں ظلم اور کرپشن نہ ہو، دیگر جماعتیں چاہتی ہیں لیڈر سے کچھ نہ پوچھا جائے، ہم چاہتے ہیں ملک کے نوجوانوں کو امن اور انصاف ملے، ہم چاہتے ہیں کارکن اپنے لیڈر سے پوچھے آپ کی کمائی کا ذریعہ کیا ہے، لیڈر کا بھی یہ فرض ہے کہ وہ اپنے کارکنان کی درست رہنمائی کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم انقلاب چاہتے ہیں،تبدیلی چاہتے ہیں، میں دو بار سینئر وزیر رہا، خود کو احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں، کیا یہ لوگ خود کو احتساب کے لیے پیش کر سکتے ہیں۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button