پاکستان

جب لوگ مدد مانگ رہے تھے تو ہیلی کاپٹر عمران خان کی جلسہ گاہ خشک کر رہے تھے بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ سیلاب متاثرین کی تعداد سری لنکا کی آبادی سے زیادہ ہے، ہمارا ایمان سکھاتا ہےکہ خدا اتنا ہی بوجھ ڈالتا ہے جتنا ہم سہہ سکیں، جب لوگ ہیلی کاپٹر کی مدد مانگ رہے تھے تو ہیلی کاپٹر عمران خان کی جلسہ گاہ خشک کر رہے تھے۔

اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولیان ہارنس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے 35 ارب روپے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کے لیے وقف کیے ہیں، یہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے بڑی تباہی ہے، سیلاب سے 20 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں، سیلاب سے 72 اضلاع میں 3 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تباہی میں عوام کی مدد پر ملٹری و سول ایڈمنسٹریشن قابل تعریف ہیں، سیلاب متاثرین میں 25 ہزار روپے فی خاندان تقسیم کیے جا رہے ہیں، ریسکیو اور ریلیف کے مرحلے سے نکلیں گے تو تعمیر نو کے مرحلے میں داخل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں پانی ایک دو دن نہیں، مشکل سے مہینوں تک نکال پائیں گے، ہم گاؤں اور گوٹھوں کو خالی کرا کر ان کی مدد کرنے کی کوشش کریں گے ، ابھی پہلی ترجیح ریسکیو اور ریلیف ہے ، سیلاب متاثرین کی تعداد سری لنکا کی آبادی سے زیادہ ہے، ہمارے پاس خیمے نہیں ہیں ، ابھی تک سپلائی ڈیمانڈ سے مطابقت نہیں رکھتی۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولیان ہارنس کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ موسمی تغیر کے دریاؤں کے اثرات پر بھی کام کر رہے ہیں، بڑا سیلاب موسمیاتی تغیر کی وجہ سے ہے، پاکستان جیسا ملک اس بڑی سطح کی تباہی کا شکار ہوتا ہے تویہ مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔

جولیان ہارنس کا کہنا تھا کہ آنے والے دن بہت سرد ہوں گے، بچوں کی دوائیں اور ہنگامی خوراک کی اپیل ہے، ہماری 16 کروڑ ڈالر کی اپیل ان تمام معاملات کو کَورکرےگی۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button