پاکستان

عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں، وزيراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کا کہناہے کہ عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں، مہنگائی سے نجات دلانے کيلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سابق حکمران معیشت کی بنیادوں میں بارودی سرنگیں بچھا کر گئے، اب وہ سیاسی نظام کی بنیادوں میں بارودی سرنگیں بچھانے کی سازش کر رہے ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ کوئی شک نہیں رہا ایک ایجنڈے کے تحت معاشی تباہی کی گئی، سیاسی عدم استحکام بھی اسی کا تسلسل ہے، عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کيلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، پاکستان سے وفاداری اور دوستی کا تقاضا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام ہو۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاسی شرپسند انتشار پھیلا کر دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کریں، اور سیلاب متاثرین اپنے گھروں میں آباد نہ ہوں، سیلاب متاثرین کو سردی،بھوک اور بیماری سے بچانے میں سیاسی شریروں کا کوئی حصہ نہیں، یہ سیاسی مطلب پرستی اور خود غرض ہیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کسی کی کوشش ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے تو ایسا نہیں ہوگا، نہ کرنے دیں گے، نوجوانوں کو روزگار دلانے کيلئے سیاسی بے روزگاروں سے نجات لازم ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان گزشتہ 4 سال کی معاشی تباہی سے مہنگائی کا شکار ہوا، عوام کی زندگیوں سے یہ زہر ختم کرنے دیں، رکاوٹیں مت کھڑی کریں، سیاسی استحکام ،میثاق معیشت ہی پاکستان کی قومی سلامتی کو مضبوط کر سکتے ہیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ جس طرح آئین کی طاقت سے ملک کو جھوٹی اور راشی حکومت سے نجات دلائی تھی، اب عوام کو روٹی، روزگار کی پریشانیوں سے نجات دلائیں گے.

وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو سوچنا ہوگا کہ جب جب ملک معاشی ترقی کی طرف چلنا شروع ہوتا ہے تو فسادی لشکر کیوں متحرک ہوجاتا ہے، مقصد سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے، پاکستان کے عوام کی حالت پر رحم کریں، مہنگائی، بے روزگاری کے عذاب سے انہیں نجات دلانا سیاست ہے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button