تازہ ترینسیاست

عمران خان سازش کرنا بند کردیں ،مزدور کے حالات ٹھیک ہوجائیں گے مریم نواز

لاہور : مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کاکہنا ہے کہ عمران خان سازش کرنا بند کردیں ،مزدور کے حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔
 
لاہور میں مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پتہ نہیں تھا مسلم لیگ ن کا لیبر ونگ اتنا متحرک ہے ، دیکھ کر خوشی ہوئی، ہمارے محنت کش ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، وزیراعظم سے درخواست کرونگی کہ مزدور کی کم سے کم تنخواہ 40ہزار ماہانہ ہونی چاہیے۔
 
انہوں نے کہا کہ مشکل اورسخت معاشی حالات کے باوجود وزیراعظم نے ماہانہ تنخواہ 35ہزار روپے کی، 2017میں روٹی 2روپے کی تھی اور مزدور کے بچے پیٹ بھر کر روٹی کھاتے تھے، آج سب سے زیادہ ترقی میں ہاتھ مزدور کا ہے اور ان کو روٹی نہیں مل رہی۔
 
مریم نوازنے کہا کہ اس ملک کی ترقی میں ایک شخص حائل ہے اس کا نام عمران خان ہے، وہ بھی وقت تھا جب ڈالر 100روپے کا تھا، 2013سے 2017 تک آٹے کی قیمت 35روپے سے بڑھنے نہیں دی ، نوازشریف ایک ہی بات کرتے تھے اس ملک کا مزدور پیٹ بھر کر کھانا کھائے ۔
 
انہوں نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 2روپے کی روٹی آج 25روپے کی ہے ، کس کو الزام دینا ہے؟ صرف عمران خان ذمہ دار نہیں بلکہ پورا ٹولہ ہے، ملک پیچھے کی طرف کیوں جارہا ہے آج مجھے بات کرنی پڑے گی، اس گینگ کا سربراہ عمران خان ہے، پاکستان کا کرپٹ ترین شخص اس گینگ میں شامل ہے۔
 
 
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف نا کھاتا ہے نا کھانے دیتا ہے، یہ کھاتے بھی ہیں اور کھانے بھی دیتے ہیں، عمران خان کی سازش کو سمجھنے کی ضرورت ہے، سینئر ترین ججز نے ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائی ، اس سازش کو سمجھنے کی ضرورت ہے، پرویز الہٰی اسمبلی توڑنا نہیں چاہتے تھے، اصل سازش کا بھانڈا خود اس فتنہ خان نے پھوڑا۔
 
انہوں نے کہا کہ شکر ہے عمران خان کی حکومت ختم ہوئی، لانگ مارچ ناکام ہوا، جیل بھرو تحریک ناکام ہوئی، عمران خان کا اسمبلیاں توڑنے کا فیصلہ ناکام ہوا، نوازشریف پر جھوٹے الزامات لگائے گئے۔
 
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ فروخت کیے جارہے ہیں، آڈیو لیکس میں حقائق سامنے آگئے ہیں، ایک ٹکٹ کے ایک کروڑ روپے لیے جارہے ہیں۔
 
ان کاکہنا تھا کہ آج پاکستان میں معیشت کا برا حال ہے، پاکستان میں ترقی جام ہوچکی ہے، ملک کو زبردستی کے مسائل میں الجھایا ہوا ہے ، ہم معاشی حالات کوٹھیک کررہے ہیں اس ملک سےنوازشریف کے ترقیاتی منصوبے نکال دیئے جائیں تو پیچھے صرف کھنڈرات بچتے ہیں۔
 
مریم نواز نے مزید کہا کہ نوازشریف ملک میں جلد واپس آئیں گے اور ترقی کا جو سفر 2017میں ٹوٹا تھا، نوازشریف کی قیادت میں دوبارہ شروع ہوگا۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button