پاکستان

پاکستان تحریک انصاف کا لاہور میں لبرٹی چوک سے ناصر باغ تک پاور شو

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کا آج لاہور میں پاور شو ہوگا، لبرٹی چوک سے ناصر باغ تک ریلی نکالی جائے گی۔
 
پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کا آغاز لبرٹی چوک سے ہوگا، ریلی فیروز پور روڈ سے ہوتی ہوئی ایم اے او کالج پہنچے گی، لوئر مال روڈ سے ہوتی ہوئی ناصر باغ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی۔
 
ریلی کا اچھرہ ،مزنگ سمیت دیگر راستوں پر بھر پور استقبال کیا جائے گا، ریلی کے اختتام پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنی گاڑی سے کارکنوں سے خطاب کریں گے، ریلی میں لاہور سے رہنماؤں اور کارکنان کو شرکت کے لئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
 
ریلی کی اجازت
 
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو ریلی اجازت دے دی ہے، ریلی کی اجازت دن ایک بجے سے شام 6 بجے تک ہو گی، ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کی جانب سے ریلی کے اجازت نامے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
 
اجازت نامے کے مطابق ریلی کیلئے استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے، ریلی انتظامیہ سٹیج، خواتین اور تمام انکلوژرز کی سکیورٹی کی ذمہ دار ہو گی اور تمام متعلقہ علاقوں میں بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنائے گی، ریلی میں عدلیہ اور اداروں کیخلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی۔
 
تحریک انصاف سکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے فوکل پرسن اور متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے گی، ٹریفک میں خلل نہ ڈالنے اور رواں دواں رکھنے کیلئے پی ٹی آئی ذمہ داران ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔
 
اجازت نامے کے مطابق ریلی کے دوران کسی صورت میں پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں پی ٹی آئی کی متعلقہ انتظامیہ ذمہ دار ہوگی، ساؤنڈ سسٹم کے استعمال سے متعلق متعلقہ قانون کی پاسداری کرنی ہو گی، پی ٹی آئی رضا کار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔
 
ضلعی انتظامیہ نے پابند کیا ہے کہ ریلی کے باعث کسی بھی جگہ کاروباری مراکز کو بند کرنے اور نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں ہو گی، کارکن اور متعلقہ افراد ڈنڈے یا اس طرح کی چیز ساتھ نہیں لا سکیں گے، ریلی کے دوران کسی کے جذبات مجروح کرنے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔
 
ریلی کیلئے کسی جگہ استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے، جلسہ گاہ اور اطراف میں اسلحہ کے نمائش کی اجازت نہیں ہو گی، شرکاء کیلئے مناسب پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا، ریلی کے روٹ پر کسی بھی طرح کی وال چیکنگ نہیں ہو گی، زبردستی کسی کو جلوس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button