کھیل

ٹیم میں کوئی لڑائی نہیں، کوشش ہے اچھا کھیلیں اور ورلڈ کپ جیت کر لائیں: بابراعظم

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹیم میں کوئی لڑائی نہیں، کوشش ہے اچھا کھیلیں اور ورلڈ کپ جیت کر لائیں۔

ورلڈ کپ کے لئے بھارت جانے سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ایونٹ کے لئے بھرپور تیاری ہے، کوشش ہے کہ اچھا کھیلیں اور ورلڈ کپ جیت کر لائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں ہارنے والے میچز سے پہلے ٹیم نمبر ون پر تھی، ان ہی لڑکوں کی محنت سے ہماری ٹیم نمبر ون بنی تھی، کوشش کریں گے ایشیا کپ کی غلطیاں ورلڈ کپ میں نہ دہرائیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ شروع ہونے سے پہلے ہمارے پاس 7 سے 8 دن ہیں، ہم پر کوئی دباؤ نہیں، کنڈیشن بھی مختلف نہیں، کس کمبی نیشن کے ساتھ جانا ہے یہ فیصلہ میچ کے روز ہوتا ہے۔

کوئی بھی کھلاڑی 100 فیصد فٹ نہیں ہوتا ہر دن سیکھتا ہے

بابر اعظم نے کہا کہ ایشیا کپ کے آخری 2 میچز میں اچھا کھیل پیش نہیں کر سکے، کوئی بھی کھلاڑی 100فیصد فٹ نہیں ہوتا ہر دن سیکھتا ہے، البتہ ہم پلاننگ کے تحت میچز کھیلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میچ سے قبل ٹیم کی ترتیب کے لئے پلاننگ کرتے ہیں، کرکٹ زیادہ کھیلتے ہیں تو آگاہی بھی ملتی رہتی ہے، گزشتہ ڈھائی ماہ سے کرکٹ کھیل رہے ہیں، کھلاڑیوں کو آرام بھی دیا ہے۔

کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بھارت میں کرکٹ کھیلنے کا ہم پر کوئی دباؤ نہیں، ہمیں فیلڈنگ مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے، مڈل اوورز میں وکٹ لینے پر بھی فوکس کریں گے۔

کارکردگی ہو یا نہ ہو میں پریشان نہیں ہوتا

ایک سوال کے جواب میں کپتان نے کہا کہ کارکردگی ہو یا نہ ہو میں پریشان نہیں ہوتا، خود سے زیادہ ساتھی کھلاڑیوں پر اعتماد ہے، سپنرز پرفرام نہیں کر رہے لیکن امید ہے ایونٹ میں وہ اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

حسن علی کی سکواڈ میں شمولیت پر ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ فیصلے سے ورلڈ کپ سکواڈ میں حسن علی کا انتخاب کیا، نسیم شاہ کو بہت مس کریں گے، شاہین اور نسیم کی جوڑی سے میچ میں بہت فائدہ ملتا تھا، یہ نہیں معلوم کہ نیا گیند کس سے کروائیں گے۔

بابر اعظم نے کہا کہ ہمارا فوکس صرف ایک نہیں ہر میچ پر ہے، انشا اللہ 9 میچز جیتیں گے، ورلڈ کپ بھی جیتیں گے، بھارتی شائقین کرکٹ بھی ہمیں سپورٹ کریں گے، سابق کھلاڑی بتا چکے ہیں وہاں کے شائقین کوئی کمی محسوس نہیں ہونے دیں گے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button