پاکستان

آرمی چیف نے منصب سنبھالتے ہی ملکی ترقی کا پلان بتایا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کل ہماری حکومت ختم ہوجائے گی، آئینی تقاضے پورے کرتے ہوئے اقتدار عبوری حکومت کے حوالے کردیں گے، پاکستان مشکل ترین حالات سے نکل آیا ہے، وسائل کی بندر بانٹ کے بجائے منصفانہ تقسیم کرنی ہوگی، آرمی چیف نے منصب سنبھالتے ہی ملک کو آگے بڑھانے کا پلان بتایا۔
 
وزیراعظم شہباز شریف نے جی ایچ کیو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء اور غازیوں نے ملکی دفاع کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں، قربانیوں کا پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے آج تک سلسلہ جاری ہے، شہداء اور غازیوں نے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر موت کا مقابلہ کیا، خون سے لکھی تاریخ قیامت تک احساس دلائے گی۔
 
ان کا کہنا ہے کہ مادر وطن کیلئے قربانی دینے والوں نے کسی بات کی پرواہ نہیں کی، وہ اس دنیا سے چلے گئے مگر پاکستان کو محفوظ کرگئے، پاکستان کو دنیا کی میلی آنکھ سے بچا گئے، ہمیں شہداء اور غازیوں کے متعین کردہ راستے پر چلنا ہے، ہمیں ملک کو محفوظ بنانا ہے تاکہ قیامت تک دشمن میلی آنکھ سے نہ دیکھ سکے۔
 
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں وقار کے ساتھ چلنے کے کچھ تقاضے ہیں، ہم نے ملک سے غربت اور بیروزگاری کو ختم کرنا ہوگا، کروڑوں پاکستانی منتظر ہیں کہ کب پاکستان قرضوں سے جان چھڑا کر اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا، بہت وقت گزر گیا پلوں سے پانی بہہ گیا، ہم نے شہداء کی قربانیوں کی دل سے قدر کرنی ہے، ان کے بچوں کی دنیا میں عظمت کا لوہا منوانا ہے۔
 
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں شبانہ روز محنت کرنی ہوگی، وسائل کی بندر بانٹ کے بجائے منصفانہ تقسیم کرنی ہوگی، شہداء کی روحیں پکار رہی ہیں کہ کب پاکستان قائد کا پاکستان بنے گا، یہ کام راتوں رات نہیں ہوگا۔
 
انہوں نے کہا کہ کل ہماری حکومت کی مدت پوری ہوجائے گی، آئینی تقاضے پورے کرتے ہوئے اقتدار عبوری حکومت کے حوالے کردیں گے، جانے سے قبل مربوط اور جامع ترقی و خوشحالی کا نظام سامنے آچکا، اس نظام کو بنانے کیلئے دن رات محنت کی گئی، حکومت اور اداروں نے مل کر جامع پلان وضع کیا۔
 
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ زراعت ملکی ترقی کی ضمانت ہے، آئی ٹی کو تیزی سے آگے بڑھانے کا منصوبہ بنا چکے، خلیجی ممالک سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی، دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کریں گے۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مشکل ترین حالات سے نکل آیا ہے، پچھلے چند ماہ میں بے پناہ کوششیں کی گئیں، آرمی چیف اور ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آرمی چیف نے منصب سنبھالتے ہی ملک کو آگے بڑھانے کا پلان بتایا۔

متعلقہ پوسٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button